کورونا کی دوسری لہر ، ہر گزرتے دن کے ساتھ اموات بھی بڑھنے لگیں ، ایک دن میں 30 ہلاکتیں

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ایک ہزار 376 نئے کیسز سامنے آگئے ، ملک میں اس وقت فعال کیسز کی تعداد 16 ہزار 242 ہے ، این سی او سی

23

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر میں مریضوں کی تعداد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہونے لگا ،

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ایک ہزار 376 نئے کیسز سامنے آگئے ، مزید 30 مریض جان کی بازی ہار گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں عالمی وباء کی وجہ سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 6 ہزار 923 ہوچکی ہے ، جب کہ ملک میں‌ اب تک مجموعی طور پر کورونا کے 3 لاکھ 40 ہزار251 کیسز رپورٹ ہوئے ،

جن میں سے اس وقت فعال کیسز کی تعداد 16 ہزار 242 ہے ، صوبہ پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 5 ہزار 856 ہوچکی ہے ،

جہاں اب تک 2 ہزار 390 افراد انتقال بھی کرچکے ہیں ، صوبہ سندھ میں کورونا متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ ہے جہاں ایک لاکھ 48 ہزار 343 افراد اس وائرس کا شکار ہوئے جن میں سے اب تک 2 ہزار664 افراد چل بسے۔

بتایا گیا ہے کہ صوبہ خیبرپختون خوا میں کورونا سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد 40 ہزار 148 ہوچکی ہے ، جب کہ صوبے میں ایک ہزار287 افراد کی موت واقع ہوئی ، صوبہ بلوچستان میں کورونا کے اب تک 16 ہزار 033 مریض سامنے آئے ،

جن میں سے 152 مریضوں کا انتقال ہوگیا ، اس کے ساتھ ساتھ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مجموعی طورپر کیسوں کی تعداد 20 ہزار 967 بتائی گئی ہے ، جہاں مرنے والوں کی تعداد 231 ہے ،

انتخابات کی وجہ سے مرکز نگاہ بننے والے گلگت بلتستان میں اب تک 4 ہزار 332 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ، جن میں سے92 افراد جان کی بازی ہار گئے ،

آزاد جموں و کشمیرمیں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد4 ہزار 572ہے ، جن میں 107 مریضوں کا انتقال ہوگیا۔