ناشتے میں مفید غذائیں، بڑھتی عمر کے اثرات زائل کریں

13

صبح کا ناشتہ طبی لحاظ سے خصوصی اہمیت کا حامل ہوتا ہے مگر مسئلہ یہ ہے کہ روزمرہ زندگی کی افراتفری کے سبب ہم میں سے اکثر لوگ یا تو ناشتہ نہیں کرتے یا پھر صحت کے لیے موافق ناشتہ کرنے سے قاصر رہتے ہیں۔ ہمارے معاشرے میں لوگوں کی عادتیں بھی ایسی ہیں کہ وہ گھی اور تیل میں بنے کھانوں کو ترجیح دیتے ہیں۔ صبح ناشتے میں اگر صحت بخش غذائیں لی جائیں تو وہ سارا دن آپ کو توانائی فراہم کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ کچھ ایسی غذائیں بھی ہیں جو برسہا برس آپ کو تندرست وجواں رکھنے کا ذریعہ ثابت ہوتی ہیں۔

فٹنس ایکسپرٹس بھی اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ بڑھتی عمر اگرچہ ایک قدرتی عمل ہے مگر اس کا 80فیصد تعلق آپ کے طرزِ زندگی سے ہوتا ہے۔ انسان میں بڑھتی عمر کے اثرات سب سے پہلے چہرے اور بالوں سے ظاہر ہونا شروع ہوتے ہیں۔

مرد اور خواتین ان اثرات کو زائل کرنے کے لیے مختلف جتن کرتے ہیں۔ ناشتہ چونکہ دن کی اہم ترین غذا ہوتی ہے، لہٰذا اس میں اگر ضروری اور متوازن غذاؤں کا باقاعدگی سے استعمال جاری رکھا جائےتو بآسانی جھریوں سے بچا جاسکتا ہے۔ وہ غذائیں کون سی ہیں اور کس طرح کام کرتی ہیں آئیے جانتے ہیں۔

تخم بالنگا

تخم بالنگا کا استعمال عموماً مشروبات میں کیا جاتا ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ تخم بالنگا کے بیج بڑھتی عمر کے اثرات کم کرنے کا باعث بھی ہوتے ہیں۔ تخم بالنگا پروٹین سے بھرپور ہوتا ہے، اس میں پایا جانے والا اومیگا 3فیٹ انسان میں بڑھتی عمر کے اثرات کم کرنے اور جِلد کو ہائیڈریٹ اور موئسچرائز رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

چونکہ یہ بیج ذائقہ دار نہیں ہوتا اس لیے اسے صبح ناشتے کے وقت پانی میں یا پڈنگ کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ تخم بالنگا کے بیجوں کی پڈنگ بنانے کے لیے بادام، کاجو، بیری اور چیری کا استعمال سود مند ثابت ہوگا ۔

جَو کا دلیا

مختلف تحقیق سے یہ ثابت ہوچکا ہے کہ ناشتے میں جَو کا دلیا کھانے سے خراب کولیسٹرول میں کمی واقع ہوتی ہے۔ جَو کےدلیے میں حل پذیر فائبر، نائٹروجن کمپاؤنڈز، گوند، چینی اور فیٹس کی معمولی مقدار کے علاوہ نشاستہ پایا جاتا ہے جو انسانی جسم سے خراب کولیسٹرول کی شرح کم کرکے تندرست بنانے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے۔

جو کا دلیا موٹاپے کے خلاف مزاحمت کے علاوہ بھرپور اینٹی آکسیڈنٹس کا بھی حامل ہوتا ہے۔ یہ اینٹی آکسیڈنٹس خلیات کی مرمت کرنے، جِلد کی رونق بڑھانے اور جھریوں کو ختم کرنے کا کام بھی سرانجام دیتے ہیں ۔

سبز چائے

مختلف اقسام کی چائے میں بڑھتی عمر کے اثرات زائل کرنے والے اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں۔ تاہم دیگر اقسام کی چائے کی نسبت سبز چائے میں اینٹی ایجنگ خصوصیات زیادہ پائی جاتی ہیں۔ یہ خصوصیات عمر بڑھنے کے اثرات زائل کرنے میں مدد دیتی، جِلد کو جھریوں سے محفوظ رکھتیں اور خلیات کی مرمت کرنے کا کام بھی سرانجام دیتی ہیں۔

سبز چائے کا استعمال جِلد کے کینسر کے خلاف بھی مزاحمت کا کام کرتا ہے۔ جِلد کوجھریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے سبز چائے میں ایک ٹشو پیپر ڈبوئیں اور چہرے پر لگائیں۔ اسی طرح آنکھوں کے نچلے حصے میںاگر سوجن آجائے تو وہاں بھی سبز چائے کے گیلے ٹی بیگز رکھنا فائدہ مند ہوتا ہے ۔

پپیتا

پپیتامختلف اقسام کی اینٹی آکسیڈنٹس خصوصیات، معدنیات اور حیاتین پر مشتمل ہوتا ہے۔ پپیتے میں موجود خصوصی انزائمز (پاپین، بیٹاکیروٹین اور لائیکوپین) کی موجودگی اسے صحت اور جِلد کے لیے متعدد فوائد کا حامل بناتی ہے۔ پپیتے کو نہ صرف کھانے سے بہت سے فوائد حاصل کیے جاسکتے ہیں بلکہ اسے جِلد پر لگا کر بھی مستفید ہوا جاسکتا ہے۔

لہٰذاآپ اپنے دن کا آغاز پپیتے جیسے ذائقے دار پھل سے بھی کرسکتے ہیں۔ پپیتے کو مزید غذائیت بخش بنانے کے لیے لیموں اور چٹکی بھر نمک استعمال کیا جاسکتا ہے۔

بلیو بیریز

اگرچہ بلیو بیریز کے دانے دکھنے میں چھوٹے چھوٹےہوتے ہیں لیکن یہ چھوٹا سا دانہ انسانی جسم میں جاکر بیش بہا فوائد کا باعث بن جاتاہے۔ بلیوبیریز متعدد بیماریوں کے خلاف مزاحمت کا کام کرتی ہےجن میں سے ایک اس کااینٹی ایجنگ خصوصیت سے بھرپور ہونا ہے۔ یہ انسان کو تندرست وجواں رکھنے کا ذریعہ ثابت ہوتی ہے۔

وٹامنز اور فائبر سے بھرپور یہ پھل چہرے کی سرخی بڑھانے اور جِلد کی رنگت سنوارنے کا کام بھی کرتا ہے۔ بلیو بیری میں موجود وٹامن سی اور ای کے باعث جِلد کی شادابی اور جگمگاہٹ میں اضافہ ہوتا ہے اور آنکھوں کی خوبصورتی ماند کرنے والے سیاہ حلقوں کا خاتمہ ممکن ہوجاتا ہے ۔

ایواکاڈو

ایواکاڈو کو سیلیبرٹی فوڈ کہا جاتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ایواکاڈو ہر سیلیبرٹی کے ڈائٹ پلان میں کسی نہ کسی صورت لازمی طور پر شامل ہوتا ہے۔ ناشتے میں ایواکاڈو کا استعمال بڑھتی عمر کے اثرات زائل کرنے میں معاون ہوتا ہے۔ ایواکاڈو میں وافر مقدار میںوٹامن بی اور ای موجود ہوتا ہے جو اسے اینٹی ایجنگ خصوصیات کا حامل بناتے ہیں۔

وٹامن ای مردوں میں عمر بڑھنے کی رفتار کو کم کرتے ہوئے ان کی وجاہت میں اضافہ کرتا ہے۔ دوسری جانب ایواکاڈ و میں وٹامن ای، پوٹاشیم، لیثیتھن (Lecithin) سمیت دوسرے غذائی اجزاء خواتین کی جِلد کی نشوونما اور اسے موئسچرائز کرنے کا کام سر انجام دیتے ہیں ۔